جعلی نیلسن منڈیلا کا پرستار

اُس دن کراچی میں گولیاں چل رہی تھیں اور عمران خان گولیاں چلانے والوں پر برس رہے تھے  جی ہاں! یہ 12مئی 2007کا دن تھا  پرویز مشرف پاکستان کا حکمران تھا اور اُس نے طاقت کے نشے میں چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کو اُن کے عہدے سے برطرف کرکے اُن کے خلاف ایک ریفرنس دائر کر دیا تھا  چیف جسٹس کی برطرفی کے خلاف وکلاء نے احتجاج شروع کر رکھا تھا

12مئی 2007کو افتخار محمد چوہدری نے سندھ ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی پچاسویں سالگرہ کے موقع پر وکلاء کنونشن سے خطاب کرنا تھا۔ پاکستان پیپلز پارٹی، مسلم لیگ ن  عوامی نیشنل پارٹی، تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور دیگر اپوزیشن پارٹیوں نے جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر معزول چیف جسٹس کے استقبال کا اعلان کررکھا تھا

سندھ حکومت نے اس استقبال کو روکنے کیلئے پوری ریاستی طاقت کو استعمال کیا اور حکومت کی اتحادی جماعت متحدہ قومی موومنٹ کو لندن سے حکم دیا گیا کہ افتخار محمد چوہدری کو کسی بھی صورت میں ایئر پورٹ سے باہر نہ آنے دیا جائے جیسے ہی معزول چیف جسٹس کراچی پہنچے تو شہر میں فائرنگ شروع ہو گئی

پورے ملک میں تشویش اور بےچینی کی لہر دوڑ گئی  وہ زمانہ بھی میڈیا کیلئے بڑا سخت تھا لیکن اتنی سختیاں نہیں تھیں جتنی آج ہیں  ہم نے کراچی کے حالات پر جیو نیوز کی لائیو ٹرانسمیشن میں عمران خان کو بلا لیا  عمران خان کو بلانے پر حکومت اکثر ناراض ہو جایا کرتی تھی لہٰذا ہم نے حکومتی نقطہ نظر کیلئے وزیر مملکت برائے داخلہ ظفر اقبال وڑائچ کو بھی بلا لیا

عمران خان کو کراچی سے ڈاکٹر عارف علوی بار بار فون پر بتا رہے تھے کہ ایم کیو ایم والے ہمارے کارکنوں پر گولیاں چلا رہے ہیں اور عمران خان لائیو ٹرانسمیشن میں بار بار کہہ رہے تھے کہ کراچی میں اِس قتلِ عام کے ذمہ دار پرویز مشرف اور الطاف حسین ہیں

عمران خان اس لائیو ٹرانسمیشن کے ہیرو تھے اور مجھے مختلف ذرائع سے دھمکیاں مل رہی تھیں کہ کراچی اور حیدرآباد میں جیو کی ٹرانسمیشن بند کر دی جائے گی  نہ میں افتخار محمد چوہدری کو ذاتی طور پر جانتا تھا  نہ عمران خان جانتے تھے  نہ وہ درجنوں لوگ موصوف کو جانتے تھے جو اُس دن کراچی میں افتخار محمد چوہدری کے نام پر مارے گئے  ہم صرف ایک اصول کے ساتھ کھڑے تھے اور وہ یہ کہ عدلیہ کے بازو مروڑنا غیرآئینی ہے

12مئی کے واقعات کے بارے میں عمران خان نے اُس دن جو کچھ میرے لائیو شو میں کہا وہی جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے میں لکھا  اُنہوں نے لکھا تھا کہ اگر 12مئی 2007کو کراچی میں قتلِ عام کرنے والوں کو سزا مل جاتی تو تحریک لبیک کو فیض آباد راولپنڈی میں ہنگامہ آرائی کی جرأت نہ ہوتی

ستم ظریفی دیکھئے کہ 12مئی کو عمران خان جیو نیوز پر میرے سامنے بیٹھ کر جس الطاف حسین کو قاتل قرار دے رہے تھے اُس الطاف حسین کو ایک صاحب نے نیلسن منڈیلا قرار دیا

اُن صاحب کا نام فروغ نسیم ہے  یہ صاحب عمران خان کے وزیر قانون بن گئے اور انہی صاحب نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف نااہلی کا ریفرنس بنایا۔ اس ریفرنس کے دائر ہونے سے کافی دن پہلے میں نے وزیراعظم عمران خان کو خبردار کیا کہ قاضی فائز عیسیٰ سے پیپلز پارٹی بھی ناراض تھی اور مسلم لیگ ن  بھی  آپ کی حکومت نے ریفرنس فائل کیا تو وکلاء برادری میں بےچینی پھیلے گی

اس کام سے باز رہیں  15مارچ 2019کے کالم میں اس ناچیز نے عرض کیا تھا کہ جو لوگ فیض آباد دھرنا کیس کے فیصلے میں کچھ اداروں پر تنقید کو انا کا مسئلہ بنائے بیٹھے ہیں وہ یاد رکھیں کہ ان کی انا پرستی کا فائدہ دشمن اٹھائے گا  18اپریل 2019کے کالم کا عنوان تھا  اندھیری رات  عرض کیا کہ تحریک انصاف کو ادارہ انصاف کے ساتھ لڑائی زیب نہیں دیتی  جو آپ کو اس لڑائی میں دھکیل رہا ہے وہ آپ کا دوست ہے نہ اپنا دوست  چار دن کی چاندنی کے بعد اندھیری رات کی طرف مت بڑھیے

عمران خان کو اندھیری رات سے خبردار کرنا ان کے ساتھ دشمنی تھی یا دوستی؟ پھر ایک ملاقات میں اس خاکسار نے انہیں بتایا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس ایک فرد کے احتساب کی کوشش نہیں بلکہ ایک ادارے کی دوسرے ادارے کے ساتھ لڑائی تصور ہوگا۔ عمران خان نے واضح کیا کہ ان کے پاس ججوں سے لڑنے کی کوئی وجہ نہیں

ان کی ترجیح معیشت ہے اس ملاقات کے چند دن بعد ریفرنس دائر ہو گیا تو پھر میں نے 10جون 2019کو  رسوائیوں سے ڈرتا ہوں  کے عنوان سے کالم لکھا کہ آپ تو مجھے کہتے تھے کہ قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف کچھ نہیں ہونے والا پھر یہ ریفرنس کہاں سے آ گیا؟ 13جون 2019کے کالم میں انہیں پھر یاد دلایا کہ قاضی فائز عیسیٰ کا قصور یہ ہے کہ انہوں نے اپنے فیصلے میں وہ کچھ لکھ دیا جو آپ نے 12مئی 2007کو میرے لائیو شو میں کہا تھا  قاضی فائز عیسیٰ کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے کا حکومت نے خیرمقدم کیا ہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ جنہوں نے ریفرنس بنوایا ان کے طبلچی ابھی تک قاضی فائز عیسیٰ پر خوب غصہ جھاڑ رہے ہیں اور ان کی حمایت کرنے والوں کو جعلی حریت پسند قرار دے رہے ہیں

مان لیا کہ ہم جعلی حریت پسند ہیں لیکن فیصلہ تو تاریخ نے کرنا ہے کہ ہم الطاف حسین کو نیلسن منڈیلا قرار دینے والے فروغ نسیم کو روزِ اول سے غلط قرار دے رہے ہیں اور آپ ایک جعلی نیلسن منڈیلا کے اصلی پرستار کی دانش پر بھروسہ کرکے اپنا روزِ آخر بھی بھول گئے

آج پاکستان کی وکلاء برادری عمران خان کے بارے میں وہی نعرے لگا رہی ہے جو نعرے تحریک انصاف 2007میں پرویز مشرف کے بارے میں لگا رہی تھی  مشرف کی پالیسی اور مشرف کے ساتھیوں کو گلے لگا کر خان صاحب کو کیا ملا؟ اسی لئے تو بہت پہلے لکھ دیا تھا  تیری رسوائیوں سے ڈرتا ہوں

Comments

Popular posts from this blog

Pakistan's COVID-19Positivity Rate below 2% for two Straight Weeks

پمپس پر پٹرول کی عدم فراہمی ، اوگرا نے وہ کام کرنے کا فیصلہ کر لیا جس کا عوام بے صبری سے انتظار کر رہے تھے

ٹائیگرفورس کے کارنامے